حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ شریعت آباد یوسف ؒ آباد بڈگام کی جانب سے علمدار کالونی چھتر گام میں ایک مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا، جس میں مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مجلسِ عزاء کی صدارت اسلامک اسکالر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی کشمیری نے کی۔
مجلس میں مختلف وادی کے اردگرد سے مؤمنین شریک ہوئے اور امام حسین علیہ السلام کی خدمت میں خراج عقیدت پیش کیا۔
مجلس عزاء کے آغاز میں انجمن سے وابستہ ذاکرین کرام نے مرثیہ خوانی کی اور آخر میں صدر محترم نے مؤمنین کو مواعظ حسنہ سے مستفید کیا۔
آغا صاحب نے عید مباہلہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام اعمال ولایت کے تحت ہونے چاہئیں۔
آغا صاحب نے مؤمنین کو مخاطب کر کے کہا کہ ولایت وہ ہے کہ آپ کے طرزِ زندگی سے باقی لوگوں کو یہ سمجھ آنا چاہیے کہ یہ جماعت ولایت کے ماننے والی جماعت ہے، کیونکہ امیر المؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السّلام کی زندگی کا ہر ایک پہلو ہمارے لئے نجات کا وسیلہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیر المؤمنین علیہ السلام کے دور حکومت میں ہر ایک کو اپنا حق ملا۔ امام علیہ السّلام فرماتے ہیں کہ میری حکومت میں لوگوں کو فرات کا پانی میسر ہے سب کو روٹی کھانے کے لئے مل رہی ہے اور ہر کوئی چھت کے نیچے زندگی بسر کر رہا ہے، لہٰذا ہماری زندگی بھی ایسی ہونی چاہیے۔